دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے اور پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے۔ نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست نے پاکستان کو چھٹی پوزیشن سے محروم کردیا ۔
شاہد آفریدی ہر شعبے میں رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب رہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کیخلاف شکست رینکنگ میں تنزلی کا سبب بن گئی۔
قومی ٹیم اب ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ پلیئرز رینکنگ کی بات کی جائے تو بیٹسمینوں کی فہرست میں کیوی کھلاڑی کین ولیمسن پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔
انجری کے شکار مصباح الحق کی ایک درجہ تنزلی ہوئی۔ محمد حفیظ دو درجہ تنزلی کے بعد بائیس،عمر اکمل اکتیسویں نمبر پر پہنچ گئے، شاہد آفریدی آل راؤنڈر پرفارمنس دکھاتے ہوئے ہر شعبے کی رینکنگ میں بہتری لانے میں کامیاب رہے۔
بیٹسمینوں کی فہرست میں وہ تیرہ درجہ بہتری کے بعد چوالیس نمبر پر،بولرز میں انکا اٹھارہواں نمبر اور آل راؤنڈز کی فہرست میں آفریدی کا نمبر پانچواں ہوگیا ہے۔ سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے کی وجہ سے نمبر ون بولر کی پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں۔