نیلسن منڈیلا نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی ایسی علامت ہیں جسے انسانی تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور جہموری جدوجہد کے ہیرو کی سالگرہ کے دن آج دنیا بھر میں منڈیلا ڈے منایا جارہا ہے۔
نیلسن منڈیلا اٹھارہ جولائی انیس سو اٹھارہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام رولیہلا ہلا ڈالی بھنگا تھا۔ قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انیس سو چوالیس میں افریقن نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے اور حکمران نیشنل پارٹی کی نسل پرستانہ حکمت عملیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں انہیں چودہ جون انیس سو چونسٹھ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
ستائیس برس جیل کی کال کوٹھری میں گزارے۔ نوے میں رہائی کے وقت وہ زندگی کی ستر بہاریں دیکھ چکے تھے، عوام کا ایک سمندر ان کے استقبال کے لئے سڑکوں پر آیا۔ عوام کے پیار سے سرشار منڈیلا نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ لوگ اپنی محبت سے انہیں مار دیں گے۔
رہائی کے بعد منڈیلا نے مفاہمت کی سیاست پر زور دیا۔ ملک کے پہلے الیکشن میں فتح کے بعد وہ انیس سو چورانوے میں پانچ برس کے لئے صدر منتخب ہوئے۔ اقوام متحدہ کے تحت کی ان کی سالگرہ پرسڑسٹھ منٹ معاشرے کی فلاح کے لئے وقف کئے جاتے ہیں۔