اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی نظام صلوٰة کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امورسردار یوسف کا وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی ایک ہی وقت میں اذان اور نظام صلوة کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سردار یوسف کو پنجاب میں نظام صلوة کیلئے معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حکومت صوبوں میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کا نفاذ چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی نظام صلوة کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام صلوة کے تحت ہر شہر کی مساجد میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز ادا ہوگی۔نظام صلوة کے لئے پنجاب بھر میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔نظام صلوة کیلئے صوبائی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔