اس سال طویل ترین اور مختصر ترین روزہ کس ملک میں ہوگا

کراچی : رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، دنیا بھر کے مسلمان ماہِ مبارک کے استقبال کی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں، رمضان المبارک  اہلِ ایمان کے لیے بڑا بابرکت اور رحمتوں بھرا مہینہ ہے۔اس ماہِ معظم میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔ نیکیوں کے ثواب میں اور دنوں کی بہ نسبت اضافہ کر دیا جاتا ہے

رمضان المبارک کا مہینہ ممکنہ طور پر 19جون سے شروع ہوگااور 19جولائی کو عید الفطر منائی جائے گی، دنیا بھر میں مختلف جگہوں پر موجود ممالک میں روزے کی طوالت بھی مختلف ہوتی ہے۔

موسم گرما میں ماہ صیام کی آمد سے دنیا کے بیشتر خطوں میں روزے کا دورانیہ طویل ترین ہوگا، اس سال کس ملک میں روزہ سب سے زیادہ طویل اور کس میں ملک میں سب سے کم وقت کا ہوگا،قطب شمالی کے ممالک میں اس ماہ رمضان کے دوران طویل ترین دن ہوں گے، ماہ مقدس کے دوران تقریباً 20دن ایسے ہوں گے جن میں سورج 24گھنٹے ہی اپنی آب و تاب دکھاتا رہے گا، باقی دنوں میں بھی برائے نام رات ہوگی۔

اس سال ماہ رمضان میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ طویل روزہ ڈنمارک میں ہوگا جو 21گھنٹے کا ہوگا جبکہ  ارجنٹینا میں سب سے مختصرروزہ ہوگا ، جس کا دورانیہ صرف ساڑھے 9گھنٹے ہوگا۔

برطانیہ میں مقیم لاکھوں فرزندان توحید 19 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔ ان کی سحر و افطار اور عشاء وتراویح اور نماز فجر کے درمیان فقط پانچ گھنٹے کا فرق ہوگا۔

آئس لینڈ، سویڈن اور ناروے میں روزہ 20گھنٹے، نیدرلینڈز اور بیلجئم میں ساڑھے  18گھنٹے کا ہوگا، اسپین میں ساڑھے 17گھنٹے ، انگلینڈ اور جرمنی میں ساڑھے 16گھنٹے جبکہ امریکہ، فرانس ، اٹلی اور مصر میں روزہ  16گھنٹے طویل ہوگا۔

اس سال بحرین، سعودی عرب، نیونس اور فلسطین میں روزے کا دورانیہ  15گھنٹے، دبئی میں 14گھنٹے 51منٹ  یمن میں 14گھنٹے 50منٹ، قطر میں 14گھنٹے40منٹ، کویت، عراق، شام ، مراکش، الجیریا، لیبیا اور سوڈان میں روزہ 14گھنٹے طویل ہو گا۔

 پاکستان میں روزے اوسطاً15گھنٹے کے ہوں گے، آسٹریلیامیں 10 گھنٹے  ، جنوبی افریقہ میں ساڑھے 10گھنٹے، برازیل میں 11گھنٹے جبکہ میکسیکو میں 13گھنٹے اور 20منٹ کا روزہ رکھا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی نصف کرہ ارض کے ممالک میں اس سال نہ صرف گزشتہ 33سال سے طویل ترین روزہ ہوگا جبکہ موسم بھی شدید گرم ہوگا۔ سورج چونکہ شمالی نصف کرہ ارض کے اوپر سے گزرے گا اس لیے جنوبی نصف کرہ میں شدید سردی کا موسم ہوگا اور روزوں کا دورانیہ بھی انتہائی کم ہوگی۔