الطاف حسین کی ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی شہادت پرگہرے رنج وغم کا اظہار

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پاکستان میں دہشت گردی کابازارگرم کرنے والے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے خلاف سرگرم تھے اورانہوں نے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں اور دیگرجرائم پیشہ عناصرکے خلاف بڑ ی جرات و بہادری سے کارروائیاں کیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ چوہدری اسلم کی شہادت سے کراچی پولیس ہی نہیں بلکہ پاکستان ایک انتہائی بہادر ، نڈراور جرات مند افسرسے محروم ہوگیا ہے اوریہ پاکستان کانقصان ہے۔ یہ ایک بڑاسانحہ ہے اورکراچی کے امن پسند باسی اس المناک سانحہ پرافسردہ اوراشکبار ہیں۔

الطاف حسین نے چوہدری اسلم کی شہادت پر ان کے تمام ساتھیوں،شہید کی بیوہ اورتمام لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے اس المناک سانحہ پر مجھ سمیت کراچی کے تمام شہری آپکے غم میں برابرکے شریک ہیں۔

الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ چوہدری اسلم کی شہادت کے المناک سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کوفی الفور گرفتارکیاجائے اور جوسفاک دہشت گردپولیس وسیکوریٹی فورسز اورپاکستان کے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں ان دہشت گردوں کاقلع قمع کیاجائے ۔