کراچی :امریکی فٹبال کلب نے پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ سے چار ماہ کیلئے معاہدہ کرلیا ہے۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے امریکی فٹبال کلب سیکرامینٹو ری پبلک ایف سی سے معاہدہ کرلیا ہے، ایک ماہ سے امریکہ میں موجود کلیم اللہ نے امریکن کلب کو کئی ٹرائلز دیئے، جس سے متاثر ہوکر سیکرامینٹو ری پبلک ایف سی نے کلیم اللہ سے چار ماہ کا معاہدہ کرلیا۔
جس کے تحت چار ماہ کے دوران کلیم اللہ پندرہ میچز میں ان ایکشن ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی کلیم اللہ امریکہ میں فٹبال لیگ کھیلنے والے پہلے پاکستانی فٹبالر بن جائیں گے۔
پاکستانی میسی کہلانے والے کلیم اللہ اس سے قبل کیرغیزستان کے کلب ایف سی ڈورڈوئی سے معاہدہ کیا تھا، جو تقریبا ایک کروڑ مالیت کا تھا، کلیم اللہ نےاس کلب کیلئے تئیس گول اسکور کیے جس پر انھیں سال کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
سیکرامینٹوری پبلک کلب میں کلیم اللہ کی شمولیت کے بعد اس ٹیم میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔