انسدادِ دہشتگردی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: دہشت گردی سے کیسے نمٹیں، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوں گے، وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کی قیادت وہ خود کریں گے۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نےاسلام آباد میں سرجوڑ لیے ہیں، گزشتہ روز وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِصدارت اجلاس میں اجلاس میں وفاقی وزراء، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ،ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ قومی ایکشن پلان پر موثر اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے متعدد مختصر اور وسط مدتی اقدامات پر غور کیا گیا اور انٹیلی جنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں، ان کوپناہ دینے اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی پراتفاق کیا گیا۔

وزیرِاعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے نظریات کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی، دہشت گردی کیخلاف فوج اور قوم کی قربانیاں لازوال ہیں۔

وزیرِاعظم نے انسدادِ دہشت گردی کیلئے قانونی امور کاجائزہ لینے کیلئے قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کی، دہشت گردی کے خلاف متفقہ حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے وزیرِاعظم نے پارلیمانی جماعتوں کی اے پی سی بھی طلب کرلی ہے۔

جس میں وزیرِاعظم نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو شرکت کی دعوت بھی دی ہے، اجلاس میں پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔