انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل ہیڈنگلے میں ہوگا

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں دو ہزار چودہ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں مدمقابل آرہی ہیں، دوہزار چودہ میں انگلینڈ میں ہونے والی سیریز میں سری لنکا نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک اٹھائیس ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے دس میں انگلینڈ کامیاب رہا ، آٹھ سری لنکا کے نام رہے جبکہ دس میچز بے نتیجہ رہے،طویل دورانیہ کی کرکٹ میں انگلینڈ کو سری لنکا پر برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ کے لئے جیمز وینس اور جیک بال ڈیبیو کرسکتے ہیں، انگلش کپتان الیسٹر کک کو دس ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے صرف چھتیس رنز درکار ہیں جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر ہوجائیں گے، ٹیسٹ سیریزکے لئے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں۔