اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 2-2 سے برابر

بیلجیئم: پاکستان اور بھارت ہاکی ٹیم کےدرمیان اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کا اہم میچ دو دو گول سے برابر رہا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے۔

بیلجیئم کے شہر اینٹ ورپ میں جاری اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان اہم معرکہ ہوا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے ابتدائی مرحلے سے ہی بے تاب دکھائی دیں۔

رمن دیو نے بھارت کیلئے پہلا گول اسکور کیا، کچھ لمحے بعد پاکستان کے کپتان محمد عمران نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے برقرار رکھے لیکن گول کیپرز کی عمدہ پرفارمنس راستے میں حائل رہی۔

دونوں گول کیپرز پینلٹی کارنر پر کپتان محمد عمران نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو سبقت دلائی لیکن بھارتی ٹیم کیجانب سے رمن دیو نے بھی دوسرا گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا اور دونوں ٹیمیں کو ایک ایک پوائنٹ ملا، پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار کو فرانس سے کھیلے گا۔