کابل: سانحۂ پشاور کے بعد آرمی چیف نے افغانستان کا دورہ کیااپنے مختصر دورے میں انہوں نے افغان صدر اور ایساف کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف افغانستان میں اپنا مختصر دورہ مکمل کرکے پشاور پہنچ گئے دورۂ کابل میں آرمی چیف افغان صدر اشرف غنی اورایساف کے کمانڈر سے ملاقاتیں کی۔
ایساف کمانڈر جنرل کیمبل سے ملاقات میں اہم انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا گیا ملاقات میں عزم کیا گیا کہ دہشت گرد جہاں بھی جائیں گے ان کاخاتمہ کیا جائے گا۔
ایساف کمانڈر کا کہنا تھا کہ زیرِکنٹرول علاقے میں دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔
جنرل راحیل سے ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
اس موقع پر افغان صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصرکو فوری طور پرختم کیا جائے گا۔ آرمی چیف اور افغان صدر نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پراتفاق کیا ہے۔
پشاور واپس پہنچ کرآرمی چیف نے وزیر ِ اعظم سے ملاقات کی اور انہیں دورۂ افغانستان کے بارے میں بریفنگ دی۔