اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتیں مشترکہ طور پر اندرون سندھ اور کراچی میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتوں پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منارہی ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آج ملک بھر میں یومِ سوگ کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں، لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائینگی۔
تمام پریس کلبوں کے باہر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف بھی احتجاج کئے جائیں گے جبکہ کراچی میں گرمی وحبس کی وجہ سے اموات کا شکار ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اداکی جائے گی۔
طویل لوڈشیڈنگ اور گرمی کے باعث اموات پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے واک آوٹ کیا، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ہونے والے اجلاس میں آج یوم سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔