ایف بی آر نے اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری 2014جاری کردی

اسلام آباد: ملک و بیرون ملک کروڑوں کی جائیداد، کاروبار اور قیمتی گاڑیاں رکھنے والے سیاستدانوں نے قومی خزانےمیں محض چند لاکھ کا ٹیکس جمع کرایا، ایف بی آر نے اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری شائع کردی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جمعے کو اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ سال 2014 میں کس سیاستدان نے کتنا ٹیکس دیا، ڈائریکٹری کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے26لاکھ11ہزارروپے انکم ٹیکس دیا۔

خزانے کے انچارج وزیرِ اسحاق ڈارنے 22لاکھ86ہزار روپے انکم ٹیکس دیا، وزیرِ اطلاعات پرویز رشید نے 3لاکھ13ہزار681روپے ٹیکس دیا، مولانافضل الرحمان صرف15ہزار 688روپے انکم ٹیکس جمع کراسکے۔

حمزہ شہباز نے 48 لاکھ 88 ہزار روپے کا انکم ٹیکس دیا، فاٹا کےتاج آفریدی نے2 کروڑ40 لاکھ روپےانکم ٹیکس دیکر نمایاں رہے۔ شاہد خاقان عباسی نے22لاکھ 13ہزارروپے ٹیکس دیا، چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے 6لاکھ7ہزار روپے ٹیکس دیا، عمران خان نے2 لاکھ 18ہزار237روپے ٹیکس ادا کیا۔

فاروق ستار نے 89ہزار935روپےانکم ٹیکس دیا، شیخ رشید نے3لاکھ 3ہزار893روپے ٹیکس ادا کیا، اعتزاز احسن نے ایک کروڑ24لاکھ74ہزار875روپے ٹیکس دیا۔

چوہدری نثار نے 6لاکھ41ہزار284روپے انکم ٹیکس جمع کرایا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کوئی آمدنی نہیں، اس لیے اُن پر انکم ٹیکس نہیں لگا۔

خورشید شاہ نے ایک لاکھ54روپےانکم ٹیکس دیا، شاہ محمود قریشی نے 15 لاکھ33 ہزار731 روپےٹیکس دیا، چوہدری پرویز الہی نے 13 لاکھ 49 ہزار 677 روپے ٹیکس دیا جبکہ سینیٹررحمان ملک نے صرف 17ہزار379روپےانکم ٹیکس قومی خزانے میں جمع کرایا۔