اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت سے ایم کیوایم کومبینہ فنڈنگ پر برطانیہ سےمعلومات تک رسائی مانگ لی ہے۔
پاکستان میں قتل وغارت کے نشانات کسی دوسرے ملک کے شہری تک ملتے ہیں تو اس ملک کو تعاون کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ طارق میر اور محمد انور کے بیانات نے ایم کیو ایم کے چہرے پر دھبہ لگا دیا، اب یہ داغ دھونا ایم کیو ایم کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس شواہد ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان شواہد کو حاصل کرنے کیلئے حکومت برطانیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب شواہد ہمارے پاس آئیں گے تو یقیناً ان کا مطالعہ کرنے کے بعد قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر لگے دھبے کو دھونا ایم کیو ایم کی بھی ذمہ داری ہے۔