ایم کیوایم کے وفد کی ممتازعالم دین علامہ طالب جوہری سے ملاقات

کراچی : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے246کے ضمنی انتخاب کے لئے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل اور ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدرعباس رضوی کے ہمراہ ایم کیوایم کے نمائندہ وفد نے بین الاقوامی مذہبی اسکالر و ممتازعالم دین علامہ طالب جوہری سے ان کی رہائشگاہ واقع انچولی سوسائٹی فیڈرل بی ایریا میں ملاقات کی اور علامہ طالب جوہری کوقائد تحریک جناب الطا ف حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

ملاقات میں ایم کیوایم کے رہنماؤں نے علامہ طالب جوہری سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کے نامزد امیدوار کی حمایت اور دعاؤں کی درخواست کی۔

اس موقع پر علامہ طالب جوہری نے ایم کیوایم کے وفد کا انتہائی والہانہ انداز میں استقبال کیا اور اپنی اور اپنی برادری کی جانب سے حلقہ این اے246سے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور ایم کیوایم کی کامیابی اور قائدِ تحریک الطاف حسین کی صحت یابی کے لئے دعائیں کیں۔

ایم کیوایم کے وفد میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی انور رضا، علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور دیگر اراکین بھی شامل تھے۔