کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخاب کیلئے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کے حلقہ انتخاب میں واقع ایم کیو ایم مرکز سے متصل جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے آج شام خواتین ، بچے ، نوجوان اور بزرگوں کیلئے فیملی بسنت فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔
بسنت فیسٹیول میں خواتین اور لڑکیوں کو مفت چوڑیاں فراہم کی جائیں گی اور بچوں کیلئے فیس پینٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ نوجوان اور بزرگوں کیلئے بسنت فیسٹیول کی مناسبت سے پتنگ بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حلقہ این اے 246کے رہائشی خواتین ، مائیں ، بہنیں ، بزرگ اور بچوں سے اپیل کی ہے کہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں منعقدہ بسنت فیسٹیول میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں اہلیان عزیزآباد خواتین کی جانب سے سے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل جناح گرائونڈ عزیزآباد میں چوڑیوں کااسٹال قائم کیا گیا ہے۔
اسٹال کا افتتاح ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ہمشیرہ محترمہ سائرہ خاتون نے کیا، اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین قمر منصور ،عظیم فارووقی اور عارف خان ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔
اسٹال میں خواتین کا زبردست جوش خروش پایا جارہا ہے اور ساتھ ساتھ چھوٹے بچوں کے فیس پر ایم کیوایم کے پرچم بھی بنائیں جارہے تھے، اس موقع پر محترمہ سائرہ خاتون نے اسٹال میں موجود خاتون کو ایم کیوایم کے رنگ دوپٹہ اور چوڑیاں تقسیم کیں۔