اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ضمنی انتخابات میں ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کر سکتی ہے۔
اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ملک میں محاذ آرائی کی بجائے میرٹ اور خدمت کی سیاست کے لئے سیاسی جماعتیں آگے آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کراچی میں انتخابی اتحاد کے لئے بات چیت کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آکر جماعت اسلامی بڑی بیماریوں کا مفت علاج اور کھانے پینے کی کئی اشیاء پر سبسڈی فراہم کرے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کھوٹے سکے، سیاسی اور معاشی دہشت گرد عوامی مسائل پر قابض ہیں اور انہی کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا۔یہ عناصر سیاسی جمود نہیں توڑنا چاہتے اور موجود ہ سیاسی نظام کسی طرح بھی عوام کے حق میں نہیں کیونکہ عام آدمی کے لئے پارلیمنٹ میں پہنچنا ایک خواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی اورمعاشی نظام امراء کے لئے ہے جس کی منزل معاشرے کی تباہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ میٹرک تک دینی مدارس اور سکولوں کا نصاف یکساں دیکھنا چاہتے ہیں اور طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کریں گے، سراج الحق نے کہا کہ وکلاء ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے کردار ادا کریں ۔
یمن کے معاملے پر ان کاکہنا تھا کہ جنگ کی مسلے کا حل نہیں اور خلیج میں کشیدگی سے امریکہ اور اسرائیل کو فائدہ ہے، یمن اور سعودی عرب کا مسلہ بات چیت کے زریعے حل کیا جائے۔