ایگزیکٹ سے جعلی ڈگری حاصل کرنے والوں میں بعض اہم بین الاقوامی شخصیات بھی شامل

کراچی : جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایگزیکٹ کے خلاف تحقیقات میں تیزی آگئی ہے، ایگزیکٹ سے جعلی ڈگری حاصل کرنے والوں میں بعض اہم بین الاقوامی شخصیات بھی شامل ہیں۔

ایگزیکٹ کے گرد قانون کا پھندہ تنگ ہوتا جارہا،  ہزاروں متاثرین انصاف کے منتظر ہے، ایگزیکٹ کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ایک سو سینتالیس جعلی ڈگریاں دینے کا اعتراف سے کئی بین الاقوامی شخصیات بھی شکار بنیں۔

ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ نے ایگزیکٹ سے ڈگری حاصل کی تو امریکی فوج کے بعض افسر اور مشرق وسطیٰ کی کچھ شخصیات نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔

ایگزیکٹ نے جعلی ڈگریوں کے کاروبار میں توسیع کیلئے دبئی اورامریکا میں جعلی ناموں اوراصلی بینک اکاؤنٹس کواستعمال کیا، جعلی ڈگری حاصل کرنے والے سیکڑوں امریکی شہریوں نے جب تصدیق کی دہائی دی تو ان کی کالز بلاک کردی گئیں۔

جعلی ڈگریوں کے دھندے کا پھانڈا پھوٹنے کے بعد ایگزیکٹ کی جعل سازی کی وسیع پیمانے پرتحقیقات جاری ہیں، جس میں امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ایگزیکٹ کے جرائم کے بہت سے ثبوت اکٹھے ہوگئے ہیں، جو جلد پیش کردئیے جائیں گے۔