بزرگ پنشنرز کو اپریل کے مہینے سے ڈبل پنشن ادا کرنے کا حکم

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو بزرگ پنشنرز کو اپریل کے مہینے سے ڈبل پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے پچہتر سال کے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کی ادائیگی کا حکم دیا مگر اس پر کئی سال سے عمل درآمد نہیں ہوا، جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

لہذا عدالت سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ڈبل پنشن کی ادائیگی کا حکم دے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ حکومت بزرگ پنشنرز کی پنشن ادا کرنے کو تیار ہے تاہم ان کے بقایا جات کی مد میں ساٹھ ارب روپے بنتے ہیں، جس کی ادائیگی کے لیے طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ چیف سیکرٹری عدالت میں غلط بیانی کررہے ہیں، بقایا جات کی مد میں صرف بیس ارب روپےبنتے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ اپریل کے مہینے میں بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن دی جائے اور بقایا جات کی ا دائیگی کے حوالے سے شیڈول تیار کرکے نوٹیفیکشن عدالت میں پیش کیا جائے۔