بھارت کی شرائط پر مذاکرات نہیں کریں گے،سرتاج عزیز

اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ شامل کئے بغیر بھارت سے مذاکرات کا فائدہ نہیں۔۔

وزیرِاعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیانات جنگی جنون کی عکاسی کرتے ہیں، مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن بھارت کی شرائط پر مذاکرات نہیں کریں گے۔

مشیرخارجہ نے بھارتی جارحانہ رویئے پر او آئی سی کو خط لکھنے کاعندیہ دیا، ساتھ ہی بین الاقوامی برادری سے بھارتی بیانات کے نوٹس لینے کا مطالبہ دھرایا۔

سرتاج عزیز نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ شامل کیے بغیر بھارت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یمن اور میانمار کے مسائل پر بھی بات چیت کی جائے۔