پاکستان بیت المال کی جانب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج مری حادثے کے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔تیس ہزار روپے مالیت کے امدادی چیک ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے زخمیوں کے لواحقین کے حوالے کئے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد نے امدادی رقوم کے چیک لینے سے معذرت کر لی۔
۔ابتدائی طور پر بارہ زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔میڈیا سے گفتگو میں ایم ڈی بیت المال کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور بیت المال کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائیں گی ۔
گذشتہ روز مری کے قریب سالگراں کے مقام پر دو بسوں کے گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ پینتیس زخمی ہو گئے تھے ۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تھا ۔ جن میں سے بارہ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔