اسلام آباد: برطانوی نشریاتی ادارے کے انکشافات پر ملک کے سیاست دانوں نے بھی ردِعمل کا اظہار کیا ہے اور ایم کیوایم کے خلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایم کیو ایم کے خلاف بی بی سی کے سنسنی خیزانکشافات نے سیاست کے ایوانوں میں بھی کھلبلی مچادی، وزیردفاع خواجہ آصف نے رپورٹ پرتشویش ظاہر کی تو ساتھ میں الزامات کی شفاف تحقیقات کو ضروری قرار دیا، وزیرِ دفاع نے کہا شواہد موجود ہیں کہ بھارت ملک میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے اور ایم کیوایم پر الزامات سنگین نوعیت کے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ حکمرانوں کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہونی چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ جو کام پاکستانی حکومت کوکرنا چاہیئے وہ برطانوی ایجنسیاں کررہی ہیں۔
تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بی بی سی کی دستاویزی فلم نے ایم کیو ایم کا پول کھول دیا ہے، اب وزارتِ داخلہ بی بی سی سے ثبوت حاصل کرکے فوری کارروائی کرے۔