اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورکے سوشل میڈیا پیج سے متعلق انکوائری کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورکے سوشل میڈیا پیج سے متعلق انکوائری کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کوایف آئی اے نے نوٹس جاری کر دیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پرانکوائری کی جا رہی ہے، آپ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹرمیں انکوائری ہورہی ہے۔
ایف آئی اے نوٹس میں نعیم حیدر پنجوتھہ کو آٹھ اگست کو صبح دس بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس کی اطلاع اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور کے دوران دی گئی ، وکیل نعیم حیدرپنجوتھہ نے کہا کہ نوٹس ملتا ہے تو جواب دیں گے لیکن ابھی تک نوٹس موصول نہیں ہوا۔
وکیل چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جج صاحب نےخوداعتراف کیاتھاکہ آئی ڈی ان کی ہے، ہمیں توگواہ پیش کرنےکاموقع ہی نہیں دیاگیا، کہا گیا ڈیڑھ گھنٹےمیں گواہ پیش کریں، ہم نےکہاگواہ کراچی سےآنےہیں ایک دن کاوقت لگےگا لیکن عدالت نےسماعت کر کے فیصلہ سنادیا، گواہ پیش نہیں کرنے دیئے گئے۔