اسلام آباد : دوہزار تیرہ کے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شواہد جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی نے مزیدتجاویز اوردستاویزات جمع کرادیں۔ الیکشن دوہزار تیرہ کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جیوڈیشل کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شواہد جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن میں مزیدتجاویز اوردستاویزات جمع کرادیں۔ پی ٹی آئی کا جاری کردہ وائٹ پیپربھی جوڈیشل کمیشن میں جمع کرایا گیا۔
پیپلز پارٹی نے سسی پلیجوکے حلقے میں دھاندلی کے شواہد کمیشن میں جمع کرائے۔ مہاجر قومی موومنٹ نے بھی جیوڈیشل کمیشن میں انتخابی دھاندلی کے شواہد جمع کرائے۔
ادھر انتخابی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے۔ اصلاحات کی کمیٹی کے سربراہ زاہد حامد کہتے ہیں عوامی نمائندگی ایکٹ کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت کے بعد مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کی شیریں مزاری اور شفقت محمود نے بھی شرکت کی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد پی ٹی آئی اپنی تجاویز دے گی۔ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کے اختیارات دینے کی سفارش کر دی۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران سرکاری تبادلے اور تقرریاں روک سکے گا۔