لاہور: پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے اگلے مرحلے کے احتجاج میں شرکت کا اعلان جلد کرینگے۔
لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پوراو مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ناصر شیرازی نے کہا کہ فیصل آباد میں جو کچھ ہوا، وہ رانا ثناءاللہ اور پرویز رشید کے اشتعال انگیز بیانات کا نتیجہ ہے۔
خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے پاس بہیمانہ تشدد کے سوا ہجوم کنٹرول کرنے کا کوئی طریقہ نہیں، پاکستان عوامی تحریک، ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کا طریقہ جدا مگر منزل ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شادی میں شرکت نہ کرنے سے رشتہ داری ختم نہیں ہو جاتی، پی ٹی آئی والے ہمارے کزن ہیں، اگلے احتجاج میں شرکت کا اعلان جلد کرینگے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء ناصر شیرازی نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے طالبان، داعش اور غنڈوں سے تعلقات ہیں، تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے ہیں، اگلے احتجاج میں شرکت کرینگے۔