کراچی: مجلس وحدت المسلمین پاکستان مرکزی سیکریٹری جنرل راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ملک کیلئے بہت بڑا سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔
کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ پشاور پر کمیٹی بنا کر ڈھونگ نہ مچائے۔
کمیٹی میں بھی دہشت گردوں کیلئے ہمدردی رکھنے والے لوگ موجود ہے،انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ عوام کو لالی پاپ دیکر چپ نہیں کراسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف سیاست دانوں اور حکمرانوں کو ایک پیج پر ہونا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو مذاکرات کے ذریعے پچھلے سال والا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو نظریاتی شکست دینے کیلئے علمائے کرام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،علامہ راجا عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف نظریاتی ضرب عضب شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج ضرب عضب کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلائے کیونکہ ملک بھر کے حصے چھوٹے چھوٹے وزیرستان میں تبدیل ہوچکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ سزائے موت کے مجرموں کو ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جلدی کرے ۔