حیدرآباد: مسلم لیگ ن کے کارکن پی ٹی آئی کے کارکنوں پرٹوٹ پڑے

حیدرآباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی تقریب کے دوران مقامی ہال کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کا احتجاجی مظاہرہ اور گونواز گو کے نعرے، لیگی کارکنان مظاہرہ کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان پرٹوٹ پڑے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

حیدرآباد میں ریڈیو پاکستان کے نزدیک مسلم لیگ ن کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیاتھاجس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء اسماعیل راہو اور شاہ محمد شاہ سمیت دیگر رہنماء وکارکنان موجود تھے، تقریب کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان مقامی ہال سے ملحقہ شاہراہ میراں محمد شاہ پراحتجاجی مظاہرہ کیا اور گونواز گو کے نعرے لگائے۔

ابھی یہ نعرے بازی جاری تھی کہ پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں لیگی کارکنان نے ڈنڈوں سے پی ٹی آئی کے کارکنان پرحملہ کردیااور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث پی ٹی آئی کے کارکنان بھاگنے پرمجبورہوگئے اورلیگی کارکنان نے بھاگتے ہوئے ان کا تعاقب بھی کیا، اس دوران ایک بزرگ کارکن کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماء ڈاکٹر مستنصر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے کارکنان پرامن طور پر شاہراہ میراں محمد شاہ پر احتجاج کررہے تھے کہ ن لیگ کے گلو بٹوں نے پولیس کی موجودگی میں حملہ کرکے ان کے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایااور پولیس خاموش کھڑی ساری صورتحال دیکھتی رہی۔

دوسری جانب واقعہ کے بعد شاہراہ میراں محمد شاہ پرصورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی اورواقعہ کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان پریس کلب کے سامنے جمع ہوگئے، واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے متاثرین الیاس آباد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔