خیبرپختونخوا میں مبینہ دھاندلی کیخلاف جزوی ہڑتال

پشاور : خیبرپختونخوا میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی اپیل پر مختلف شہروں میں جزوی ہڑتال ہے، سہ فریقی اتحاد کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی، ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑکے بعد سہ فریقی اتحاد نے کپتان کی حکومت کیخلاف احتجاجی بگل بجا دیا،  صوبائی حکومت کی کوئی تدبیر کام نہ آئی، اپوزیشن جماعتیں سڑکوں پر نکل آئیں اور شٹرڈاون ہڑتال کی کال دیدی۔

پشاور کے تاجروں اور شہریوں نے اپیل پر زیادہ کان نہیں دھرا، سڑکوں کی رونقیں بحال اور کاروبار کھلا ہے، یونیورسٹی روڈ پر اے این پی، پیپلزپارٹی اور جمیت علماء اسلام کے کارکنان نے ریلی نکالی اورحکومت کےخلاف نعرے بازی کی۔

چارسدہ میں ڈندابردارفورس نے مٹر گشت کے دوران زبرستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی، اپوزیشن اتحادکی اپیل پرسوات میں ہوکاعالم ہے اور مارکیٹوں میں ویرانی چھائی ہے۔

صوبائی حکومت نےقانون نافذ کرنیوالے اداروں کوشرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنےکی ہدایت کی ہے۔