دبئی ٹیسٹ:سری لنکا57رنز پرآج اننگز دوبارہ شروع کریگا

دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، قومی ٹیم ایک سو پیسنٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ پر ستاون رنزبنالئے۔

دبئی ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا احمد شہزاد صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ بھی اچھی فارم کا فائدہ نہ اٹھاسکے اور اکیس رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے ٹیسٹ کے سینچری میکرز یونس خان اور مصباح الحق اس با رفیل ہوئے، خرم منظور کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، خرم تہتر رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، قومی ٹیم ایک سو پینسٹھ رنز پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان ٹیم کے سات بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

ہیراتھ اور نوان پرادیپ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، سری لنکا نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، سری لنکا کی پہلی وکٹ چالیس رنز پر گری، جب اوپنر کرونارتنے جنید خان کو وکٹ دے بیٹھے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر ستاون رنز بنالئے تھے، مہمان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید ایک سو آٹھ رنز درکار ہے۔