لاہور: ہنگامہ آرائی کرنے والے دوگروپوں کے پانچ افراد کو لاہورہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتارکرلیا گیا۔ گرفتارافراد میں سے کچھ قتل کے ملزم کوچھڑانے کی کوشش کررہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس الطاف ابراہیم قریشی کی عدالت میں اقدام قتل کے ملزم اعظم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد ملزم کے ساتھیوں نے اسے پولیس کے قبضے سے چُھڑانے کی کوشش کی۔
ساتھیوں کی جانب سے چھڑانے کی کوشش اور ہنگامہ آرائی کی گئی ۔اس پر مدعی گروپ نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو فرار کرانے سے روکا جس پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کیے۔
ہنگامہ آرائی کرنے پر ہائیکورٹ سکیورٹی نے پانچ افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ۔