دنیا کے پانچ مشہور اسٹنگ آپریشن

اسٹنگ آپریشن تفتیشی صحافت کی ایک مخصوص قسم ہے جس میں صحافی خفیہ تحقیق کے ذریعے بڑی بد عنوانیوں کو منظرِ عام پر لاتا ہے۔ دنیا بھر میں صحافت کی اس قسم کو سراہا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بدعنوانیوں کو آشکار کرنے والے مجرم قرار پاتے ہیں۔

مندرجہ ذیل پانچ آپریشن اپنی نوعیت کے باعث بے پناہ مشہورہیں

واٹر گیٹ اسکینڈل (امریکہ)۔

واٹر گیٹ اسکینڈل امریکی تاریخ کا ایک ایسا واقعہ ہے کہ جس کے سبب پہلی بار ایک منتخب امریکی صدر رچرڈ نکسن کو استعفیٰ دینا پڑا اور یہ سب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے دو صحافیوں کی جانب سے کئے گئے اسٹنگ آپریشن کی وجہ سے ہوا۔

صدر نکسن پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی مخالف ڈیموکریٹک پارٹی کے واٹر گیٹ کمپلکس میں واقع دفتر میں چوری کروائی۔ صحافیوں نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر اس چوری میں برابر کے مجرم ہیں اور ثبوت کے طور پرانہوں نے صدر نکسن کے ایک ویڈیو پیش کی جس میں وہ اپنے ایک قریبی ساتھی کے ساتھ اس معاملے پر گفتگو کررہے ہیں اور چوری کرنے والی ٹیم کو منہ نہ کھولنے کے لئے رقم دے رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا کہ جس کے سبب تاریخ میں پہلی بار امریکہ کے منتخب صدر کو استعفیٰ دینا پڑا۔

ووٹ خریدنےکامعاملہ (انڈیا)۔

بھارتی چینل آئی بی این نے 2008 میں ایک اسٹنگ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں سونیا گاندھی کی سربراہی میں بننے والا اتحاد ’یونائیٹڈ پولیٹیکل الائنس‘ دوسری پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ کو رشوت دینے کا مجرم قرار پایا۔

چینل نے ایک ویڈیو دکھائی کہ جس میں مشہور سیاستدان امرسنگھ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ممبر پارلیمنٹ کو رشوت دیتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ مذکورہ ممبر پارلیمنٹ اس مدعے کو پارلیمنٹ میں لے گیا اور سب کو بتایا کہ انہوں ایک بل میں اعتماد کا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے رشوت دینے کی کوشش کی گئی۔

چینل کو اس اسکینڈل کو آشکار کرنے پر عوام اور تمام متعلقین کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔

سارہ فرگوسن (انگلینڈ)۔

سارہ اینڈریو برطانوی شہزادے انڈریو کی سابقہ بیوی ہیں اورانکی خفیہ ویڈیو’نیوز آف دی ورلڈ‘ نے بنائی۔

سارہ کی 2010 میں فلمائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک بڑے سرمایہ دار کو شہزادے تک رسائی دینے کے لئے پانچ لاکھ پاوٗنڈ طلب کررہی ہیں۔

سرمایہ دار کے روپ میں درحقیقت ایک صحافی تھا جس نے ’ڈچس آف یارک‘کی چالیس ہزار پاوٗنڈ بطور ایڈوانس وصول کرنے کی ویڈیو ریلیزکردی۔

آپریشن ویسٹ اینڈ (انڈیا)۔

تہلکہ نامی ایک آن لائن بھارتی میگزین نے 2001 میں آپریشن ویسٹ اینڈ نامی ایک کامیاب اسٹنگ آپریشن کیا۔

میگزین ایک ویڈیو ٹیپ منظرِ عام پرلایاجس میں بھارتی وزارت ِ دفاع کے کئی افسران کےاسلحے کی خرید و فروخت میں رشوت ستانی کے مناظر فلم بند کئے گئے تھے۔

یہ آپریشن اس قدر کامیاب رہا کہ بھارت کے اس وقت کے وزیرِ دفاع جارج فرنینڈس کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیناپڑا۔

سرِعام ( پاکستان)۔

پاکستان میں سب سے دیکھے جانے والے کرائم شو ’سرِعام‘کی جانب سے کئے گئے ایک اسٹنگ آپریشن میں پاکستان ریلوے کی کرپشن کو آشکار کیا گیا۔اے آر وائی نیوز کے اس پروگرام کی میزبانی اقرار الحسن کرتے ہیں اور انہوں نے ایک اسٹنگ آپریشن میں آشکار کیا کہ کس طرح ریلوے حکام نے رشوت لے کر ٹرین کے ذریعے لاہور سے کراچی اسلحہ اسمگل کرنے کی اجازت دےدی۔

اس ویڈیو میں پاکستان ریلوے میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کو اجاگر کیا گیا ہے لیکن اس سے ریلوے ڈیپارٹمنٹ میں نیچے سے لے کر اوپر تک جاری کرپشن کی جڑیں ہل کہ رہ گئی اور اس اسٹنگ آپریشن کے اثرات بھی انوسٹی گیٹو ٹیم کو بلاجواز گرفتاری کی صورت میں بھگتنے پڑرہے ہیں۔