دوہزار اٹھارہ تک بجلی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، خورشید شاہ

سکھر: قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ دوہزار اٹھارہ تک بجلی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں چل رہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر رکھا ہے، نواز حکومت نے کہا ہے کہ دوہزار اٹھارہ تک بجلی کا مسئلہ حل ہو گا مگر مشکل نظر آ رہا ہے، ہماری حکومت میں رمضان شریف میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کےساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہیں اور ریاست کو کمزور نہیں کرنا چاہتے اس لئے جمہوریت کاساتھ دیا، بی بی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں چل رہے، ہم جھگڑا نہیں چاہتے سیاسی پارٹیوں کو افہام و تفہیم کے ساتھ رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ایک مائنڈ سیٹ کے خلاف بات کی ہے مگر اسے زیادہ ہائی لائٹ کیا گیا۔