آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیائے کرکٹ کے مشہور مبصر رچی بینو 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
لیگ سپن گیند کرنے والے بینو نے آسٹریلیا کے لیے 63 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے انھیں 28 میں کپتانی کا اعزاز ملا تھا۔
1964 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے صحافت کا پیشہ اپنایا اور کرکٹ میچوں پر تبصرہ کرنے لگے۔
وہ 2013 تک آسٹریلیا کے چینل نائن کے لیے کام کرتے رہے لیکن آخری مرتبہ بطور مبصر انھوں نے 2005 کی ایشز سیریز میں کام کیا تھا۔
گذشتہ برس نومبر میں رچی نے بتایا تھا کہ وہ جلد کے کینسر میں مبتلا ہوگئے ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔
بینو کا شمار آسٹریلیا کے اچھے آل راؤنڈروں میں ہوتا تھا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دو ہزار رن بنانے کے ساتھ دو سو وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی تھے۔