اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری نے افطار ڈپلومیسی کی چال چلتے ہوئے ملک کی تمام سیاسی قیادت کو آج افطار کی دعوت دے دی۔
سیاسی فضاءکو خوشگوار بنانے کیلئے آصف علی ز رداری نے ملک کی تمام سیاسی قیادت کو آج افطار کی دعوت پر اکٹھا کرنے کی، توقع ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی اس افطار پارٹی میں آل پارٹیز کانفرنس کی طرز پر سیاسی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی دعوت افطار میں نئے سیاسی حالات اور مستقبل میں تعاون پر بات ہوگی، اطلاعات ہیں کہ آصف علی زرداری کی دعوت افطار میں تحریک انصاف نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں رہنماؤں کا موقف تھا کہ آصف زرداری کی فوج کے بارے میں ہتک آمیزگفتگوقابل قبول نہیں۔
تحریکِ انصاف کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ نون مخمصے کا شکار ہوگئی، نواز لیگ کے وزراء دعوت افطار میں شرکت کے لئے رضا مند نہیں، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افطار میں شرکت کا فیصلہ وزیرِاعظم پر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ اے این پی اور ق لیگ نے بھی شرکت سے انکار کردیا ہے۔
اس سے قبل آصف علی زرداری نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اتفاق کیا ہے کہ ملک کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے نہیں تھی، امید ہے ایم کیوایم کا وفد آج دعوت افطار میں شرکت کرے۔