سانحۂ پشاور: مشہورشخصیات کی مذمت

آج کا دن انسانی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے کہ جب پشاور میں دہشت گردوں نے ایک اسکول پر حملہ کرکے130 افراد کو شہید کردیا۔

اس واقعے کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے اور پشاور اٹیک اس وقت ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ، ’’ یہ افسوسناک ہے ، واقعی افسوسناک۔ آہ معصوم بچے‘‘۔

بھارتی اداکارہ سونم کپور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ’’ کیسا غیر عاقلانہ قدم ہے، کیا کہا جائے دنیاجانوروں سے بھری پڑی ہے‘‘۔

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز وسیم اکرم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’ میں اپنے وطن کے ہولناک مناظر دیکھ رہا ہوں۔ میرے خیالات اور دعائیں اہلیانِ پشاور کے ساتھ ہیں‘‘۔

بھارتی اداکار ریتیش دیش مکھ نے ٹویٹ کیا کہ’’یہ انسانیت کا قتل ہے۔ دنیا جاگے ۔ یہ ان کا (پاکستان) نہیں ہمارا مسئلہ ہے اور ہمیں اس کے خلاف کھڑے ہونا ہوگا‘‘۔

سابق کرکٹر اظہر محمود نے ٹویٹ کیا کہ’’پشاور اسکول حملے کی خبر انتہائی تباہ کن ہے۔ خیالات اور دعائیں بچوں کے والدین اور اساتزہ کے ساتھ ہیں۔ آج انتہائی المناک دن ہے‘‘۔

بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے ٹویٹ میں کہا کہ،’’ سانحہ پشاور دل برداشتہ کردینے والی خبر ہے ، یہ انسانیت کی موت ہے، صرف لاچارگی ہی آج واحد احساس ہے‘‘۔

پریانکا چوپڑہ نےکہا ہے کہ’’دعاکرتی ہوں کہ خدا اپنے بچوں کو انسانیت کی قدر کرنے کی توفیق دے ‘‘۔

ارجن کپور نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ ’’سانحہ پشاور کے بارے میں پڑھ رہا ہوں آج تک خود کو اتنا لاچار محسوس نہیں کیا تھا۔۔ میری دعائیں بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ ہیں۔۔ آج غم کا دن ہے‘‘۔