سرگودھا:اہلسنت والجماعت کے رہنما کی گاڑی پر فائرنگ،3افراد جاں بحق،5زخمی

سرگودھا میں اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا عبدالحمید خالد کی گاڑی پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، مولانا عبد الحمید خالد پر قاتلانہ حملے کے بعد نیازی چوک پر شدید احتجاج کیا گیا۔

اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا عبد الحمید خالد ساتھیوں سمیت مقدمے کی سماعت کے لئے بھکر سے سرگودھا جا رہے تھے کہ سرگودھا کے علاقے نوری گیٹ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے مولانا عبد الحمید سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا، واقعہ کے بعد کے بعد اہل سنت والجماعت کے کارکنان سول اسپتال کے باہر جمع ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔

پولیس کا کہنا کہ واقعے میں جاں بحق دو افراد مولانا عبد الحمید کے گارڈ اور ساتھی تھے۔