کراچی: شہری ماہ رمضان میں شدید گرمی سے بے حال ہیں اوراموات کی تعداد1000 تک جاپہنچی ہے اورایڈمنسٹریٹرکراچی بغیر کسی کو نائب مقرر کئے نجی دورے پربیرونِ ملک ہیں۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی ثاقب سومرو جرمنی کے نجی دوے پر ہیں اور ان کے عملے کو بھی ان کی غیرحاضری سےمتعلق کچھ علم نہیں ہے۔ ان کے علاوہ دیگر کے ایم سی کے دیگر کئی ڈائریکٹر بھی چھٹیوں پر چلے گئے ہیں جبکہ شہر میں گرمی کی شدت کے سبب ہنگامی صورتحال ہے۔
شہری مسائل کے حل کیلئے بلدیہ عظمیٰ کے دفاتر میں آتے ہیں لیکن دادرسی کیلئے کوئی ہو تو مدد کرے۔ روزے میں پریشان حال سائل دن گزار کرخالی ہاتھ واپس چلے جاتے ہیں ۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی طور پر عملے کی موجوگی یقینی بنائے جائے، تاکہ مسائل حل ہوسکیں۔
میڈیا پر نشر ہونےوالی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی شعیب صدیقی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کا اضافی چارج دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفیکیشن آج شام تک جاری ہونے کی امید ہے۔