اسلام آباد : سینیٹ میں عوامی مسائل حل کر نے کے لئے پبلک پٹیشن سسٹم قائم کر لیا گیا جہاں شکایات براہ راست بھجوائی جا سکتی ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری اور دیگر نے اس نظام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتو ں سے مشاورت کے بعد یہ نظام قائم کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کا بہتر امیج عوام تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام جمہوری نظام ،پارلیمنٹ اور آئین کا خود دفاع کریں اور پارلیمنٹ پر عوامی اعتماد بحال ہو ۔
ان کاکہنا تھا کہ عوام براہ راست آن لائن یا ڈاک کے زریعے اپنی شکایات بھجوا سکتے ہیں ۔ان مسائل کو پارلیمانی کمیٹیوں اور حکومت کے زریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ضرورت پر اہم نوعیت کے معاملات ایوان میں بھی زیر بحث لائے جا سکتے ہیں۔
تقریب ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری،سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق ،قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اس نظام کی حمایت کی۔سینیٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔