شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا

کراچی : رینجرز کی ہدایت پر کراچی کے شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا۔

رینجرز نے شہریوں کو ہدایت کی تھی غیر قانونی اسلحہ رینجرز کی چیک پوسٹوں میں جمع کرادیں، جس پر شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں4 ایم 16 رائفل، 5 ایس ایم جیز رینجرز مراکز پر جمع کرائی گئیں، ترجمان رینجرز کے مطابق 3ایل ایم جیز اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی جمع کرائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے شہریوں کو غیر قانونی اسلحہ جمع کروانے کیلئے 9 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں غیرقانونی اسلحہ استعمال ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا حال ہی میں کچھ ایسے اسلحہ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی گئی ہے جو غیر قانونی لائسنس بنانے اور ناجائز اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث تھے، اسلئے شہری 30 اپریل تک تمام غیر قانونی اسلحہ جمع کروا دیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنا جرم ہے، جس پر 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ 30 اپریل کے بعد جعلی اسلحہ لائسنس اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔