کراچی : کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پرنگرانی کی ضرورت ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک چیلنج ہے۔
کراچی چیمبرکے دورے کے موقع پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ذاتی طور پر کراچی آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں سماجی واقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے سخت جدوجہد کررہے ہیں ۔
شعیب احمد صدیقی نے کراچی میں پانی کی کمی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرز ہدایت کی کہ وہ واٹر بورڈ کے چیف انجینئرز کو شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کا پابند کریں ورنہ پانی کی قلت پر ہونے والے کسی بھی دھرنے کی صورت میں ان سے جواب طلب کیا جائےگا۔
سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے چیک تیار ہیں لیکن چیک کی تقسیم کے لئے تقریب کا اہتمام نہیں کیا جا رہا ہے۔
کراچی چیمبر کے صدر افتخار احمدوہرہ نے کراچی جو بھی ریونیو دیتا ہے اس کا ایک حصہ یہاں کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مخصوص کیا جائے۔