میامی : مسل مینیا میں گولڈ میڈل جیتنے والے باڈی بلڈرعبدالمالک کا کہنا ہے کہ وہ غریب ضرور ہیں لیکن جھوٹے نہیں، مشکلات سے دوچار ہونے کے باجود پاکستان کا نام روشن کرنا اصل مقصد ہے۔
میامی میں مسل مینیا ورلڈ چیمپیئن شپ کی پچھتر کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتنے والے کراچی کے تن ساز عبدالمالک کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالمالک نے بتایا کہ انھیں کیٹیگری مقابلے طلائی تمغہ اور کلاس فائٹ کے بہترین پانچ تن سازوں میں شامل ہونے کی وجہ سے ٹرافی دی گئی۔
عبدالمالک کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کا زیور بیچ کر مسل مینیا ورلڈ چیمپیئن شپ میں ملک کی نمائندگی کیلئے گئے، پاکستان کا نام روشن کرنے پر فخر ہے۔
اس موقع پر وہاں موجود ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی نے بتایا کہ انکی جماعت کھیلوں کے فروغ کیلئے ثابت قدم رہی ہے اور کراچی کے ٹیلنٹ کو مزید ضائع ہونے سے بچانے کا عزم رکھتی ہے۔
عبدالمالک نے بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض سے اپیل کی کہ وہ تن سازی کے کھیل کو اسپانسر کریں تاکہ پاکستان کے اکاونٹ میں مزید میڈلز اور ٹرافیاں شامل ہوسکیں۔