فرنچ اوپن فائنل: سرینا ولیمز اورلوسی سفارووا آج مدمقابل

پیرس : فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز کا فائنل آج امریکہ کی سرینا ولیمز اور جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلم کے ویمنز سنگلز کے فائنل کے لئے سرینا ولیمز کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے، سرینا ولیمز کیرئیر کے بیسویں ٹائٹل کے حصول کیلئے جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا سے ٹکرائیں گی۔

سرینا ولیمز اس سے قبل دو مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت چکی ہیں، سرینا نے سال کا آغاز آسٹریلین اوپن کی جیت کے ساتھ کیا تھا۔

دوسری جانب چیک کھلاڑی نے کیرئیر کے پہلے ٹائٹل کیلئے آنکھوں میں سپنے سجالئے ہیں۔ سفارووا فرنچ اوپن جیت کر انیس سو اکیانوے کے بعد کلے کورٹ پر ٹائٹل اپنے نام کرنے والی پہلی چیک کھلاڑی بن سکتی ہیں۔

دونوں کھلاڑی رواں سال ہوپ مین کپ میں بھی آمنے سامنے آئیں تھیں۔ جس میں سرینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح سمیٹی تھی۔