لاہور:ماڈل ایان علی کی ضمانت پھر کھٹائی میں پڑگئی

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت انتیس جون تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ایان علی کی ضمانت پھر کھٹائی میں پڑگئی، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عبدالسمیع نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، سماعت میں سرکاری وکیل نےعدالت سے مزید مہلت مانگ لی۔

سرکاری وکیل کا مؤقف تھا کہ کسٹمز حکام ایان علی کیس میں کچھ اہم دستاویزات پیش کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے مہلت درکار ہے۔

ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ایان علی پاکستان کی معروف ماڈل ہیں، چار ماہ سے بے گناہ جیل میں بند ہیں، کسٹمز تاخیری حربے استعمال کرنے کے لیے تاریخ پر تاریخ لے رہی ہے۔

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سماعت ملتوی کرنے کے بجائے فیصلہ سنایا جائے، عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ تمام دستاویزات اور شواہد کو کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی سماعت انتیس جون تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا ہے۔