کراچی: لیاری کے مختلف علاقوں سے پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، ادھر گرومندر کے قریب گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے ہوئے خاتون ملزم اورساتھی کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
لیاری کے علاقے چاکیوڑاہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ کمپیوٹر اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
ادھر گرومندر جمشید کوارٹر کے علاقے میں گھر سے ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے ہوئے خاتون ڈکیت ساتھی سمیت علاقہ مکینوں کے ہتھے چڑھ گئی، علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
گلشن بونیر میں حساس اداروں نے چھاپہ مار کاروائی کے بعد کالعدم تحریک طالبان کا کارندہ گرفتارکرلیا جبکہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا ، ملزم بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھا، گارڈن کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چوبیس سالہ عبدالمجید ہلاک ہوگیا۔