محکمہ موسمیات نے کراچی میں طوفان کی پیشگوئی کردی

اسلام آباد / کراچی :محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤکراچی سے جنوب مشرق میں1200 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں ہوا کے انتہائی کم دباؤ اور 48 گھنٹوں میں شدید کم دباؤ میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

سندھ کے ماہی گیر منگل (شام) سے جمعرات کے دوران جبکہ بلوچستان کے ماہی گیر بدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں ۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش پٹن میں 22 ملی میٹر جبکہ راولا کوٹ میں 05 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آج ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو،نورپورتھل، سبی، موہنجوداڑو، لاڑکانہ، رحیم یار خان میں 46 جبکہ سکھر، روہڑی، جیکب آباد، تربت، بھکر، کوٹ ادو 45، شہید بینظیر آباد، مٹھی، چھور، ڈی آئی خان، بہاولپور 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔ جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ، ژوب ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔