مختلف شہروں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری

اسلام آباد :پشاور، اسلام آباد اور جڑانوالہ میں پولیس نے سرچ آپریشنز کرتےہوئےغیر ملکیوں سمیت دو سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا ہے، پشاور میں جیوگرافیکل ٹیگنگ کے ذریعے افغان مہاجرین کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

دہشتگردی کے خاتمے کا عزم لئے ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک نظر آتے ہیں، سانحۂ پشاور کے بعد مختلف شہروں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور کے علاقے قاضی کلی میں سرچ آپریشن کے دوران اسی سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق آپریشن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں، جن کی مدد سے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ جیوگرافیکل ٹیگنگ کےذریعے افغان مہاجرین کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں تمام تفصیلات انٹرنیٹ کےذریعےتحقیقات میں مددگارثابت ہوں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آج دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، میرآبادی، گولڑہ، سبزی منڈی، افغان بستی میں کارروائی کے دوران دو غیر ملکیوں سمیت تیراسی مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات بھی بر آمد کی گئی۔

جڑانوالہ میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوبیس افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئےافراد بغیر دستاویزات کے رہائش پذیر تھے۔