مستونگ میں دھماکے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے کل کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی ہے، جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سمیت سیاسی و وسماجی رہنماؤں نے مذمت کی ہے تو مختلف شیعہ تنظیموں نے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
مستونگ میں زائرین کی بس کے قریب دھماکے کی صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نے مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور شاہی سید، علامہ طاہر القادری، صاحبزادہ حامد رضا ، علامہ عباس کمیلی، علامہ ناصر عباس اور امین شہیدی نے زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
جعفریہ الائنس پاکستان ، تحفظ آزاداری کونسل، مجلس وحدت مسلمین ، بلوچستان شیعہ کانفرنس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا تسلسل ناکام پالیسی کا نتیجہ ہے ،دہشت گردی کا ناسور ملک کا امن چاٹ رہا ہے،پوری قوم متحد ہو کر مقابلہ کرے۔ سیکریٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین علامہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت اور آرمی چیف اب مصلحت سے کام نہ لیں، دہشت گردوں کے خلاف اعلان جنگ کرے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔