مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے تحفظ کیلئے سب کچھ نچھاور کرسکتے ہیں، علامہ مقصود

کوئٹہ: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے تحفظ کیلئے سب کچھ نچھاور کرسکتے ہیں تاہم یمن کے معاملے پر پاکستان کو فریق نہیں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے۔

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں یمن کی قسمت کا فیصلہ وہاں کے عوام کو کرنے دیا جائے ، یمنی مسلمان حرمین شریفین سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ ہمارے عشق و مودت کا مرکز ہیں، جن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

پاکستان مسئلے کے پُر امن حل کیلئے مثبت کردار ادا کرے، موجودہ حکومت ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائے، یمن جنگ کا نقصان امت مسلمہ اور فائدہ امریکہ اور اسرائیل کو ہوگا۔