نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ جیت لیا،سری لنکا کو شکست

کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ نے سال کا اختتام جیت پر کرلیا۔ کیویز نے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پہلی اننگز کی مایوس کن پرفارمنس سری لنکن ٹیم کو لے ڈوبی۔ فالو آن کے بعد ٹیم نے کم بیک تو کیا لیکن وہ شکست سے نہ بچ سکے۔

میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے دوسری نامکمل اننگز دو سو ترانوے رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ مہمان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں۔

چار سو سات رنز پر کیوی بولرز نے سری لنکن ٹیم کو آؤٹ کردیا۔ کارونارتنے کے ایک سو باون رنز بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکے۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھے نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے ایک سو پانچ رنز کا مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹیلر نے انتالیس اور ولیمسن نے اکتیس رنز کی اننگزکھیلی۔