نیوزی لینڈ ٹیم کے میڈیا منیجر نے پی سی بی کے مؤقف کوغلط قرار دیدیا

ابوظہبی :نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف کو غلط قرار دے دیا ہے، کیوی منیجر کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے میچ منسوخ یا مؤخر کرنے کا نہیں کہا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے منیجر نے پول کھول دیا، کیوی منیجر نے پی سی بی کے مؤقف کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ منسوخ  یا مؤخر کرنے کا نہیں کہا۔

پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ میچ مؤخر کرنے کی بہت کوشش کی لیکن براڈ کاسٹرز اور کیوی منجمنٹ نے رضامندی ظاہر نہیں کی، جس کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے شیڈول کے مطابق ہوا۔

سانحہ پشاور پر کھلاڑیوں نے میچ سے قبل دومنٹ کی خاموشی اختیار کی اور ہاتھوں پر سیاں پٹیاں باندھ کر میچ میں حصہ لیا، میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ میچ کھیلنے کا فیصلہ کھلاڑیوں نے نہیں کرکٹ بورڈ نے کیا ہے، ہم کرکٹ بورڈ کے ملازم ہیں، جو بورڈ کہے گا وہی کریں گے۔