اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کے فوج کیخلاف بیان پر اپنا ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان کوتنقید کا نشانہ بنانے سےعدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی زیرصدارت مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے نازک مرحلے پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں فوج اوراس کے ایک اہم ادارے پرتنقید کرنا نامناسب ہے،آپریشن ضرب عضب اورقومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کرنے کے لئے افواج کے جوان موثرکردارادا کررہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اورسیاسی قیادت کےدرمیان ہم آہنگی نے جمہوریت کو مضبوط کیا،ہم آہنگی کامظاہرہ اے پی سی کے فیصلوں سے بھی ہوچکا ہے اورہم آہنگی کا مظاہرہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں سیاسی اورعسکری قیادت نے متفقہ اہداف طے کئےتھے،سیاسی استحکام اوراتفاق رائےسے ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔